راولپنڈی (حافظ وسیم اختر ،سٹاف رپورٹر) نے ملک بھر کے ایئرپورٹس پرتین برسوں میں سخت سکروٹنی کے دوران 39ہزار 786مسافروں کو آف لوڈ کیاگیا۔ ایف آئی اے ذرائع کے مطابق یہ کارروائی 2023میں لیبیا کشتی حادثے کے بعد وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایات پر انسانی سمگلنگ کی روک تھام کے لیے کی گئی۔دستاویزات کے مطابق مسافروں کو مختلف وجوہات کی بنا پر روکا گیا ،اس دوران جن افراد کوروکاگیا ان میں سے 20 ہزار 408 افراد کے پاس مطلوبہ کاغذات پورے نہیں تھے، 12 ہزار 673 لو پروفائل افراد کو مالی حالات اور مشکوک سفری مقصد (عمرہ، دبئی، ترکیہ، تھائی لینڈ) کی بنیاد پر روکا گیا، 3 ہزار 450 مسافروں کے نام واچ لسٹ میں شامل تھے، 505 افراد غیر قانونی یا مشکوک روٹ استعمال کر رہے تھے، 281 مسافروں کے پاس ویزے یا ملازمت کے اجازت نامے جعلی پائے گئے،176 مسافر غیر مطمئن ٹریول ہسٹری اور 145 افراد دستاویزات کی تصدیق نہ ہونے پر آف لوڈ کیے گئے۔ترجمان کے مطابق ایئرپورٹس پر چیکنگ کا یہ سخت عمل انسانی سمگلنگ کے سدباب کے لیے مستقل بنیادوں پر جاری رہے گا۔