کراچی ( اسٹاف رپورٹر)سیکرٹری اطلاعات سندھ کاشف گلزار شیخ نے کہا ہےکہ عوام تک درست، بروقت اور مستند معلومات کی فراہمی محکمہ اطلاعات کی بنیادی ذمہ داری ہے، جس کے لئے جدید ٹیکنالوجی، پیشہ ورانہ مہارت اور موثر حکمت عملی کو بروئے کار لانا ناگزیر ہے،تفصیلات کے مطابق ہفتہ کوسیکرٹری اطلاعات سندھ کاشف گلزار شیخ نے ڈائریکٹوریٹ آف سوشل اینڈ ڈیجیٹل میڈیا کا دورہ کیا اور ادارے کی مجموعی کارکردگی، سوشل میڈیا مانیٹرنگ، ڈیجیٹل کمیونیکیشن، حکومتی پالیسیوں اور عوامی فلاحی اقدامات کی تشہیر، ڈیجیٹل کنٹینٹ کی تیاری اور مستقبل کے منصوبوں سے متعلق تفصیلی بریفنگ حاصل کی۔اس موقع پر ڈائریکٹر سوشل اینڈ ڈیجیٹل میڈیا عزیز احمد ہکڑو نے سیکریٹری اطلاعات کو ڈائریکٹوریٹ کی ذمہ داریوں اور مختلف شعبوں کی کارکردگی سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ ادارہ جدید ڈیجیٹل ذرائع ابلاغ کے ذریعے حکومت سندھ کی پالیسیوں، ترقیاتی منصوبوں، عوامی مفاد کے اقدامات، اہم فیصلوں اور سرکاری سرگرمیوں کی بروقت، مستند اور موثر تشہیر کے لئے شب و روز خدمات انجام دے رہا ہے۔ انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کی مانیٹرنگ، ڈیجیٹل مہمات، گرافک اور ویڈیو کنٹینٹ کی تیاری، عوامی رجحانات کے تجزیے اور حکومتی بیانیے کو موثر انداز میں عوام تک پہنچانے کے لئے اختیار کی جانے والی حکمت عملی پر بھی بریفنگ دی۔دورے کے دوران سیکرٹری اطلاعات نے مختلف شعبہ جات کا معائنہ کیا، افسران اور عملے سے ملاقات کی اور ادارے میں جاری پیشہ ورانہ سرگرمیوں کا جائزہ لیا۔ڈائریکٹر جنرل اطلاعات معزالدین پیرزادہ، ڈائریکٹر اطلاعات (ایڈورٹائزمنٹ) محمد یوسف کابورو اور ڈپٹی ڈائریکٹر ایڈورٹائزمنٹ سارنگ لطیف چانڈیو بھی موجود تھے۔