• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پیمرا کی سزا اور جیو کا توبہ کرنا دونوں بہتر اقدام، علماء کرام

کراچی (نیوز ڈیسک) علماءکرام نے کہا ہے کہ پیمرا کی جانب سے سزا ور جیو نیوزکی جانب سے توبہ کرنا دونوں بہتر اقدام ہیں ، علامہ ابتسام الٰہی ظہیرنے کہا کہ متعلقہ ادارہ غیر مشروط معافی و ادارہ جاتی کارروائی کرے تو ایک موقع دیا جا سکتا ہے، مولانا کوکب نورانی نے کہاکہ بصری مواد نشر نہیں ہونا چاہیے تھا، ادارے نے از خود نوٹس لیا، مواد ہٹایا، غیر مشروط توبہ کی۔ مفتی محمد نوید عباسی نے کہاکہ اگر کوئی غلطی کا اعتراف اور معذرت کرے تو اسے قبول کرنا اسلامی اخلاق کا تقاضا ہے۔ مفتی محمد حنیف قریشی نےکہا کہ جیوکی معذرت اور توبہ قابل تحسین ، دعا گو ہیں اللہ تعالیٰ قبول فرمائے۔ تفصیلات کے مطابق علامہ ابتسام الہٰی ظہیر نے کہا ہے کہ نیت کوئی بھی ہو، انبیائے کرام علیہم السلام کے خاکے ناقابل قبول اور ناجائز ہیں،یہ انتہائی قابلِ مذمت اور مسلمانوں کے مذہبی جذبات کو مجروح کرنے والا عمل ہے،متعلقہ نشریاتی ادارہ وضاحت،غیر مشروط معافی اور ادارہ جاتی کارروائی کرے تو ایک موقع دیا جا سکتا ہے،متعلقہ ادارے پر لازم ہوگا کہ مستقبل میں اس نوعیت کا کوئی واقعہ پیش نہ آئے۔ مولانا کوکب نورانی نے کہا کہ ہم آزادی اظہار نہیں پابندی افکار کے پابند ہیں،توہین کے زمرے میں آنیوالی بات کسی صورت گوارہ نہیں، جیو سے ایک بصری مواد نشر ہوا جو نہیں ہونا چاہیے تھا، ادارے نے از خود نوٹس لیا، مواد ہٹایا، غیر مشروط توبہ کی،پیمرا کا نوٹس لینا اور جیو کا توبہ کرنا دونوں بہتر اقدام تھے، جہاں کہیں بھی ایسا مواد نشر ہو پیمرا اس پر کارروائی کرے۔مفتی محمد نوید عباسی نےکہاکہ مقدس شخصیات کی کسی بھی نوعیت کی بصری عکاسی سے مکمل اجتناب ضروری ہے،یہ دینی حساسیت، تقدیسِ مقدسات اور سدِّ ذرائع کے اصول کے منافی ہے،یہ حقیقت بھی سامنے ہے کہ ادارے نے اس معاملے کا نوٹس لیا،متعلقہ مواد تمام پلیٹ فارمز سے ہٹایا، غلطی کا اعتراف کیا، معذرت کی،ذمہ داروں کیخلاف کارروائی اور آئندہ ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے اصلاحی اقدامات کا اعلان کیا،اگر کوئی غلطی کا اعتراف کرے،معذرت کرے تو اسے قبول کرنا اسلامی اخلاق کا تقاضا ہے،جیو کے مالکان اور انتظامیہ کا اپنی کوتاہی پر معذرت اور توبہ کرنا قابل تحسین عمل ہے،اللہ کو توبہ کرنے والے پسند ہیں ہماری دعا ہے کہ اللہ انہیں توبہ پر استقامت عطا فرمائے،ضروری ہے کہ حساس معاملات کو سیاسی مفاد، ادارہ جاتی رقابتوں یا گروہی کشمکش کا ذریعہ نہ بنایا جائے۔ مفتی محمدحنیف قریشی نے کہا ہے کہ جیو کا ایک مرتبہ پھر باقاعدہ بذریعہ اشتہارات اپنی انتظامی کمزوری کا اعتراف کرنا خوش آئند ہے، اللہ کے حضور توبہ و استغفار کی گئی ہے،قابل معافی غلطی اور اس کا اعتراف اور معذرت قبول کرنا اسلامی تعلیمات کی مطابق لازم ہے،عدل ، حکمت، دیانت اور اسلامی اخلاق کی روشنی میں اصلاح، احتساب اور انصاف کے تقاضے ملحوظ رکھنے چاہئیں ،جیو مالکان اور انتظامیہ کا اپنی کوتاہی پر معذرت اور توبہ کرنا قابل تحسین عمل ہے، ہم اس عمل کی تحسین کرتے ہیں، دعا گو ہیں کہ اللہ ان کی معذرت اور توبہ قبول فرمائے۔
اہم خبریں سے مزید