اسلام آباد (جنگ رہورٹر)پی ٹی آئی نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کو ’معاشی دہشت گردی‘ قرار دے دیا ۔ پی ٹی آئی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات شیخ وقاص اکرم نے ایک بیان میں حکومت پر کڑی تنقید کرتے ہوئے پیٹرول کی قیمت میں 13.18 روپے اور ڈیزل میں 13.80 روپے اضافے کی شدید مذمت کی اور اسے عوام پر معاشی بوجھ قرار دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ عوام کو نہیں دیا جاتا ہے۔ انہوں نے آزاد کشمیر میں فورسز کی تعیناتی اور کمیونیکیشن بلیک آؤٹ کی مذمت کرتے ہوئے انتخابات کا بائیکاٹ کرنے کا اعلان کیا ۔ انہوں نے حکومت پر پنجاب کے گوداموں سے 45 لاکھ ٹن گندم غائب کرنے اور مصنوعی بحران پیدا کرنے کا الزام لگاتے ہوئےجوڈیشل انکوائری کا مطالبہ کیا ۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں امن کے لیے پی ٹی آئی نے 6 نکاتی روڈ میپ پیش کیا ہے، جس میں مذاکرات اور مقامی وسائل کی منصفانہ تقسیم شامل ہے۔