• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ڈار اور سعودی وزیر خارجہ کی ٹیلیفونک گفتگو، خطے میں بڑھتی کشیدگی پر تشویش

اسلام آباد ( آن لائن ) نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان سے ٹیلیفونک رابطہ کیا، جس میں دونوں رہنماؤں نے خطے کی تازہ صورتحال اور بڑھتی ہوئی کشیدگی پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مذاکرات اور سفارتی کوششوں کو آگے بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔دونوں رہنمائوں نے پاکستان اور سعودی عرب کا قریبی رابطے برقرار رکھنے پر اتفاق کیا۔ ترجمان دفتر خارجہ طاہر اندرابی کے مطابق نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان کے درمیان ٹیلیفونک گفتگو میں خطے کی موجودہ صورتحال، سفارتی کوششوں اور کشیدگی میں کمی کے امکانات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ترجمان کے مطابق دونوں رہنماؤں نے اسلام آباد مفاہمتی یادداشت کے باوجود خطے میں کشیدگی میں اضافے پر گہری تشویش کا اظہار کیا اور اس بات پر زور دیا کہ تنازع میں مزید شدت کسی بھی فریق کے مفاد میں نہیں۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ صورتحال علاقائی امن و استحکام کے لیے خطرات پیدا کر رہی ہے اور امن کے قیام کے لیے جاری سفارتی کوششوں کو بھی متاثر کر سکتی ہے۔ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے اسحاق ڈار کو جاری سفارتی کوششوں اور اس معاملے پر سعودی عرب کے مؤقف سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کشیدگی میں کمی، تحمل کے مظاہرے اور مذاکرات کے عمل کو ہر صورت جاری رکھنے کی اہمیت پر زور دیا۔اس موقع پر نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے پاکستان کی جانب سے تمام فریقوں سے زیادہ سے زیادہ تحمل کا مظاہرہ کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ ثالثی اور سفارتی کوششوں کی کامیابی کے لیے مناسب وقت اور سازگار ماحول فراہم کرنا ناگزیر ہے۔
اہم خبریں سے مزید