کراچی(اسٹاف رپورٹر) وزیر اعلی کی زیر صدارت اجلاس میں ٹارگٹڈ آپریشنز مزید تیز کرنے کا فیصلہ،دہشت گردوں، مجرمانہ عناصر اور انکے سہولت کاروں کے خلاف انٹیلی جنس پر مبنی ٹارگٹڈ آپریشنز کو مزید تیز کرنے کا فیصلہ کیا۔ اس بات پر زور دیا گیا کہ تمام متعلقہ ادارے عوامی تحفظ کو یقینی بنانے، امن برقرار رکھنے اور ریاست کی رٹ کو مضبوط کرنے کیلئے قریبی ہم آہنگی میں کام جاری رکھیں گے، مراد علی شاہ نے ہدایت دی کہ من و امان کیلئے حاصل کی گئی کامیابیوں کو برقرار رکھنے کیلئے مربوط کوششوں کو مزید بڑھایا جائے۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نےایک اعلیٰ سطح اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے صوبے بھر میں سیکورٹی کی مجموعی صورت حال کا جائزہ لیا۔فورم نے ابھرتے ہوئے سیکورٹی چیلنجز سے نمٹنے کیلئے تیاریوں اور جوابی طریقہ کار کا بھی جائزہ لیا۔ وزیراعلیٰ ہاؤس میں منعقد ہ اجلاس میں صوبائی وزراء، سول انتظامیہ کے اعلیٰ حکام اور فوج، رینجرز، پولیس، انٹیلیجنس اور دیگر متعلقہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے سربراہان نے شرکت کی۔ شرکاء کو موجودہ سیکورٹی منظرنامے، دہشت گردی کے خلاف جاری کوششوں، اور صوبے بھر میں امن و استحکام برقرار رکھنے کے لئے کئے جانے والے اقدامات کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ امن و امان کی مجموعی صورتحال پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے، شرکاء نے سندھ کے عوام کے لئے ایک محفوظ ماحول کو یقینی بنانے کے اپنے عزم کا اعادہ کیا۔ اجلاس میں سیکورٹی خطرات سے مؤثر طریقے سے نمٹنے کے لئے اداروں کے درمیان بہتر ہم آہنگی، بروقت انٹیلیجنس شیئرنگ، اور پیشگی/فعال اقدامات کی اہمیت پر زور دیا گیا۔