• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بلوچستان کے انتظامی ڈھانچے میں تبدیلی، 4 نئے ڈویژنز، 5 اضلاع قائم، کوئٹہ 2 ضلعوں میں تقسیم

کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر) بلوچستان کے انتظامی ڈھانچے میں تبدیلی،4 نئے ڈویژنز، 5 اضلاع سمیت سب ڈویژنز اور تحصیلوں کے قیام اور پرانے ڈویژنز کی ازسرنو تشکیل کی منظوری، کوئٹہ کو دو اضلاع کوئٹہ ایسٹ اور کوئٹہ ویسٹ میں تقسیم کردیا گیا۔ صوبے میں ڈویژنز کی مجموعی تعداد 7سے بڑھ کر 11جبکہ اضلاع کی تعداد 36سے بڑھ کر41ہوگئی۔ مستونگ کوئٹہ ڈویژن میں شامل،تحصیل اور سب تحصیل میں بھی رد و بدل، ہفتہ کو محکمہ ریونیو حکومت بلوچستان کے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق بلوچستان حکومت نے صوبائی کابینہ کی منظوری کے بعد بلوچستان لینڈ ریونیو ایکٹ1967کی شق 5،6، 6-Aکے تحت صوبے میں نئے انتظامی یونٹ ڈویژن، اضلاع، سب ڈویژن، تحصیل اور سب تحصیل میں رد و بدل کردی ہے۔ کوئٹہ کو دو اضلاع کوئٹہ ایسٹ اور کوئٹہ ویسٹ میں تقسیم کردیا گیا ہے، کوئٹہ ایسٹ میں سب ڈویژن صدر ، سٹی، سریاب جبکہ کوئٹہ ویسٹ میں کچلاک ، بروری اور پنجپائی شامل ہیں ۔ ضلع مستونگ شامل کیے جانے کے بعد اب کوئٹہ ڈویژن تین اضلاع پر مشتمل ہوگا۔ نوٹیفکیشن کے مطابق پشین ڈویژن میں پشین ، برشور ، قلعہ عبداللہ اور چمن، پر مشتمل ہوگا۔ خضدار ڈویژن میں خضدار، قلات، سوراب نیا قائم ہونے والا ضلع وڈھ جو وڈھ، نال، اورناچ کے علاقوں پر مشتمل ہے شامل ہیں تاہم سب تحصیل سارونہ کو ضلع وڈھ سے الگ کردیا گیا ہے جسے دو حصوں میں ضلع لسبیلہ اور ضلع حب میں شامل کردیا گیا ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق لسبیلہ ڈویژن بھی قائم کردیا گیا ہے جو ضلع لسبیلہ، ضلع حب اور ضلع آوران پر مشتمل ہوگا ۔ رخشان ڈویژن میں چاغی، نوشکی، خاران اور ضلع واشک شامل ہیں۔

اہم خبریں سے مزید