کراچی( اسٹاف رپورٹر /نیوز ایجنسیز) عوام پاکستان پارٹی کے مرکزی سیکریٹری جنرل مفتاح اسماعیل نے کہا ہے کہ کراچی کی حالت جنگ زدہ شہروں سے زیادہ خراب ہے۔5سال سے زیر تعمیر یونیورسٹی روڈ پیپلز پارٹی کی کرپشن اور لاپروائی کا نمونہ ہے۔ صوبے میں تعلیم اور صحت کی صورتحال انتہائی خراب ہے، پولیس عوام کے لئے رحمت کی بجائے زحمت بن چکی ہے ، کراچی کو آج بھی تقریباً 15ہزار بسوں کی کمی کا سامنا ہے،18برس سے سندھ میں ایک ہی جماعت کی حکومت ہے، اس لئے موجودہ مسائل کی ذمہ داری کسی سابق فوجی یا سیاسی حکومت پر نہیں ڈالی جا سکتی۔ ہفتے کو کراچی پریس کلب میں میڈیا سے بات چیت میں سندھ حکومت ،پاکستان پیپلز پارٹی کی کارکردگی پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ برطانوی جریدے کی حالیہ رپورٹ، جس میں دنیا کے 173 شہروں کا تعلیم، صحت، انفرااسٹرکچر اور دیگر شعبوں کی بنیاد پر جائزہ لیا گیا، اس کے مطابق کراچی 170ویں نمبر پر ہے، جو ملک کے سب سے بڑے شہر کے لئے لمحۂ فکریہ ہے،انہوں نے کہا کہ کراچی کی نصف آبادی کو صاف پانی میسر نہیں، جبکہ بلدیہ ٹاؤن سمیت کئی علاقوں میں لوگوں کے گھریلو اخراجات میں سب سے زیادہ حصہ پانی کی خریداری پر صرف ہوتا ہے،یونیورسٹی روڈ گزشتہ پانچ برس سے مکمل نہیں ہو سکی، جو بدانتظامی اور مبینہ کرپشن کی واضح مثال ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ وفاقی اردو یونیورسٹی شدید مالی بحران کا شکار ہے، جہاں تقریباً 17 ہزار طلبہ زیر تعلیم ہیں، مگر اساتذہ اور ملازمین کو کئی ماہ سے تنخواہیں اور پنشن ادا نہیں کی جا رہیں۔ انہوں نے الزام لگایا کہ بعض تجربہ کار اساتذہ کو فارغ کر کے من پسند افراد کو تعینات کیا گیا، جبکہ وائس چانسلر بھی ہفتے میں صرف دو روز کراچی آتے ہیں۔