اسلام آباد (این این آئی) بیرونِ ملک ہوسٹ کی گئی سرکاری ویب سائٹس کو پاکستان منتقل کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا، سرکاری ویب سائٹس اور ایپلی کیشنز کی مقامی ڈیٹا سینٹرز میں منتقلی کا منصوبہ تیار ہوگا۔ اس سلسلے میں نیشنل سائبر ایمرجنسی رسپانس ٹیم نے ایک جامع "پاکستان انفارمیشن سکیورٹی فریم ورک تیار کر لیا ہے۔دستاویزات میں کہا گیا کہ نئے اقدامات کا بنیادی مقصد سرکاری ڈیجیٹل نظام کی سکیورٹی اور خودمختاری کو مضبوط بنانا ہے. تمام سرکاری ویب سائٹس اور ایپلی کیشنز کو مقامی ڈیٹا سینٹرز میں منتقل کرنے کا تفصیلی منصوبہ تیار کیا جا رہا ہے۔نئے فریم ورک کے تحت مقامی ڈیٹا سینٹرز کو جدید ترین حفاظتی نظام سے لیس کرنا لازمی قرار دیا گیا ہے جبکہ ڈیٹا سینٹرز میں جدید فائر والز، سائبر نگرانی کا نظام، اور سکیورٹی آپریشنز سینٹر کا نفاذ لازمی ہوگا،اس کے علاوہ تمام سرکاری اداروں کو اپنے ڈیٹا کا سکیور بیک اپ رکھنا ہوگا اور سالانہ بنیادوں پر تھرڈ پارٹی سکیورٹی آڈٹ کرانا ہوگا۔تمام سرکاری ویب ایپلی کیشنز کو سکیور سافٹ ویئر ڈویلپمنٹ کے اصولوں پر تیار کیا جائے گا اور ان کی باقاعدہ پینیٹریشن ٹیسٹنگ کر کے خامیوں کا ازالہ کیا جائے گا۔سرکاری خط و کتابت کو ہیکنگ اور سائبر حملوں سے بچانے کے لیے ای میل سسٹمز میں تبدیلیاں کی جائیں گی، جسکے تحت سرکاری ای میل سروسز کے لیے فشنگ ، اسپام اور مال ویئر سے تحفظ کے فول پوش انتظامات لازمی ہوں گے۔سرکاری ڈیٹا سینٹرز کی جسمانی سکیورٹی کے لیے بھی سخت ہدایات جاری کی گئی ہیں،جس میں کہا کہ ڈیٹا سینٹرز میں بیک اپ پاور، ہیوی جنریٹرز اور ماحول کی مسلسل نگرانی کے انتظامات لازمی ہونگے۔