لاہور(خصوصی رپورٹر )وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات پر شدید ہیٹ ویو کے دوران شہریوں کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے پنجاب بھر کی واسا ایجنسیوں نے خصوصی ہیٹ ویو ریلیف کیمپس قائم کر دیے ہیں۔ جنوبی پنجاب کے مختلف اضلاع، خصوصاً راجن پور، بہاولپور، بہاولنگر، رحیم یار خان اور دیگر متاثرہ علاقوں میں شہریوں کو جراثیم سے پاک صاف اور ٹھنڈا پینے کا پانی فراہم کیا جا رہا ہے۔ ترجمان محکمہ ہاؤسنگ کے مطابق سیکرٹری ہاؤسنگ پنجاب نورالامین مینگل نے تمام واسا ایجنسیوں کو ہدایت جاری کی ہے کہ شدید گرمی کے دوران صاف پانی کی فراہمی کسی صورت متاثر نہیں ہونی چاہیے اور شہریوں کو ہر ممکن ریلیف فراہم کیا جائے۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ وہ فیلڈ میں موجود رہ کر ریلیف کیمپس کا باقاعدگی سے معائنہ کریں اور تمام انتظامات کی خود نگرانی کریں۔سیکرٹری ہاؤسنگ نے مزید ہدایت کی کہ تمام متعلقہ اداروں کے ساتھ مؤثر رابطہ برقرار رکھا جائے۔