راولپنڈی (حافظ وسیم اختر سٹاف رپورٹر) نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹر وے پولیس نے رواں سال کے پہلے چھ ماہ میں 8 لاکھ 76 ہزار سے زائد مسافروں کو بروقت امدادفراہم کی ، 115گمشدہ بچے والدین کے حوالے کئے اور 54خطرناک ملزمان گرفتارکئے ،نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹر وے پولیس کی جانب سے یکم جنوری تا 30 جون 2026ء تک کی اپنی کارکردگی رپورٹ کےمطابق ادارے نے موٹرویز اور قومی شاہراہوں پر شہریوں کو محفوظ سفر کی فراہمی، بروقت امداد، قانون پر مؤثر عملدرآمد، روڈ سیفٹی آگاہی اور سمگلنگ کے خلاف کارروائیوں میں نمایاں کامیابیاں حاصل کیں، اس عرصے کے دوران موٹرویز اور قومی شاہراہوں پر 8 لاکھ 76 ہزار سے زائد مسافروں کو دورانِ سفر مختلف نوعیت کی بروقت ہنگامی امداد فراہم کی گئی جبکہ 26 واقعات میں شہریوں کو بروقت طبی امداد فراہم کر کے ان کی قیمتی جانیں بچائیں۔ 39گاڑیوں میں لگنے والی آگ پر (فائر ایکسٹنگوشرز) کی مدد سے قابو پاتے ہوئے نہ صر ف انسانی جانوں کو بچایا بلکہ قیمتی املاک کو بھی بچا لیا گیا۔ٹول فری ہیلپ لائن 130 کے ذریعے 1 لاکھ 79 ہزار سے زائد شہریوں کو رہنمائی فراہم کی گئی، جبکہ1لاکھ 23 ہزار سے زائد شہریوں کی مختلف نوعیت کی معاونت کی گئی۔ اس کے علاوہ 9 ہزار سے زائد شہریوں کو ہنگامی بنیادوں پر امداد فراہم کی گئی، جبکہ ہیلپ لائن پر موصول ہونے والی 42 ہزار سے زائد شکایات کا بروقت ازالہ کیا گیا۔اس عرصے کے دوران 15 ہزار سے زائد ڈرائیونگ لائسنس، 43 سی ای کیٹیگری ڈرائیونگ لائسنس اور 528 انٹرنیشنل ڈرائیونگ پرمٹس جاری کیے گئے۔