کراچی (سید محمد عسکری) قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی گلگت کے وائس چانسلر کے لیئے تین ناموں کا انتخاب کرلیا گیا ہے، وائس چانسلر کے لیے قائم تلاش کمیٹی کے سربراہ ڈاکٹر رضا بھٹی کے قریبی زرائع کے مطابق قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی گلگت کی سینٹ نے تلاش کمیٹی کی جانب سے انتخاب کیئے گئے وائس چانسلر کے عہدے کے لیے پانچ وائس چانسلرز میں تین کا انتخاب کیا۔ پہلے نمبر پر ہائر ایجوکیشن کمیشن کے سابق ایگزیکٹو ڈائریکٹر اور علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے سابق وائس چانسلر ڈاکٹر ضیا القیوم ، دوسرے نمبر پر مالاکنڈ یونیورسٹی کے پروفیسر ڈاکٹر افتخار احمد اور تیسرے نمبر پر اریڈ ایگریکلچر یونیورسٹی راولپنڈی کے ڈین پروفیسر رحمت اللہ قریشی شامل ہیں۔ یہ تین نام صدر مملکت آصف علی زرداری کو بھیجیں جائیں گے جن میں سے وہ کسی ایک نام کی بطور وائس چانسلر منظوری دیں گے تاہم اس سے قبل ان ناموں کی انٹلیجنس کلیئرنس لی جائے گی۔ زرائع نے مزید بتایا کہ تلاش کمیٹی نے جن پانچ ناموں کا انتخاب کیا تھا اس میں ڈاکٹر ظفر الیاس اور ڈاکٹر بخت جہاں کے نام شامل تھے۔ واضح رہے کہ قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی گلگت کے وائس چانسلر ڈاکٹر عطااللہ شاہ کی مدت مکمل ہوگئی تھی جس کے بعد ڈاکٹر عبدالرزاق کو قائم مقام وائس چانسلر مقرر کردیا گیا تھا۔