پشاور (نیوز رپورٹر) پشاور میں خودکشی کے واقعات میں اضافہ ہو گیا اور گزشتہ چند روز کے دوران متعدد افراد نے زندگی کا خاتمہ کردیا ہے۔ گزشتہ روز تھانہ تہکال کے علاقے میں نوجوان نے مبینہ طور پروالدہ سے تلخ کلامی کے بعد خود کو گولی مار کر زندگی کا خاتمہ کردیا۔ تہکال پولیس کے مطابق واقعہ شہید آباد چاند ماری روڈ پر پیش آیاہے ۔متوفی کی شناخت فیضان ولد زاہد الدین سکنہ شہید آباد تہکال کے نام سے ہوئی ہے۔ پولیس کی ابتدائی تفتیش کے مطابق واقعہ سے قبل متوفی کی اپنی والدہ کے ساتھ زبانی تکرار ہوئی جس کے بعد اس نے مبینہ طور پر پستول سے خود پر فائر کر دیا جس کے نتیجے میں وہ جاں بحق ہوگیا۔متوفی کے بھائی عدنان نے پولیس کو بتایا کہ ان کی کسی کےساتھ کوئی دشمنی یا ذاتی رنجش نہیں ہے۔اطلاع ملنے پر پولیس کی تفتیشی ٹیم نے موقع پر پہنچ کر پستول ودیگر اہم شواہد اکٹھے کرلئے اوردفعہ 174 کے تحت واقعہ کی انکوائری شروع کردی ہے۔واضح رہے کہ اس سے قبل فقیرآباد میں جواں سالہ طالبہ نے مبینہ طور پر زندگی کا خاتمہ کیا جبکہ اسی روزتھانہ تاتاراکی حدود میں گریڈ18کے افسر نے مبینہ طور پرخو د کو گولی مار کر خودکشی کرلی تھی، متوفی کے رشتہ داروں کیساتھ جائیداد تنازعات چل رہے تھے اور کیسز عدالت میں زیرسماعت تھے اورمدعیہ کے مطابق ان تنازعات کیوجہ سے وہ دلبرداشتہ ہوچکا تھا۔ پولیس کی جانب سے تمام کیسز کی انکوائریز جاری ہیں۔