پشاور (این این آئی) کمشنر کوہاٹ ڈویژن سید معتصم باللہ شاہ سے پشاور ہائی کورٹ کے ریٹائرڈ چیف جسٹس سید ابن علی نے ان کے دفتر میں ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور، خطے کی مجموعی امن و امان کی صورتحال اور بالخصوص محرم الحرام کے پرامن انعقاد کیلئے کئے گئے انتظامات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں ریٹائرڈ چیف جسٹس سید ابن علی نے محرم الحرام کے دوران امن و امان برقرار رکھنے، مذہبی ہم آہنگی کو فروغ دینے اور عزاداروں کو محفوظ ماحول فراہم کرنے کیلئے کمشنر سید معتصم باللہ شاہ، ڈپٹی کمشنر کوہاٹ محمد نواز وزیر، ڈی آئی جی کوہاٹ عرفان طارق، ڈی پی او شہباز الہی، ضلعی انتظامیہ، پولیس اور دیگر متعلقہ اداروں کی مشترکہ کاوشوں کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ مؤثر منصوبہ بندی، بروقت اقدامات اور بہترین رابطہ کاری کے باعث محرم الحرام کے ایام پرامن انداز میں گزرے جو انتظامیہ کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا مظہر ہے۔ اس موقع پر کمشنر کوہاٹ معتصم باللہ شاہ نے ریٹائرڈ چیف جسٹس کی آمد اور حوصلہ افزائی پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ عوام کے جان و مال کے تحفظ، بین المسالک ہم آہنگی کے فروغ اور امن و امان کے قیام کیلئے تمام متعلقہ اداروں نے مربوط حکمت عملی اور باہمی تعاون کے تحت اپنی ذمہ داریاں انجام دیں۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ عوامی خدمت، گڈ گورننس اور خطے میں دیرپا امن و استحکام کیلئے آئندہ بھی تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔