کراچی (اسٹاف رپورٹر) سپر ہائی وے ابوالحسن اصفہانی روڈ برج کی منظور ی ،ڈیفنس انڈر پاس، ملیر ہالٹ انڈر پاس اور جناح ایونیو روڈ منصوبوں پر پیش رفت، وزیر بلدیات سندھ سید ناصر حسین شاہ کی زیر صدارت محکمہ بلدیات سندھ کا ایک اہم جائزہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں انہوں نے زوم کے ذریعے شرکت کرتے ہوئے صوبے میں جاری اور مجوزہ ترقیاتی منصوبوں کی پیش رفت، انتظامی امور اور درپیش رکاوٹوں کا تفصیلی جائزہ لیا اجلاس میں ایڈیشنل چیف سیکریٹری بلدیات ڈاکٹر وسیم شمشاد، اسپیشل سیکریٹری ٹیکنیکل اظہر حسین شاہ، ڈائریکٹر میگا پراجیکٹس عبدالغنی شیخ، ایف ڈبلیو او کے بریگیڈیئر عدنان سمیت دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی اجلاس کے دوران منظور شدہ اور غیر منظور شدہ ترقیاتی اسکیموں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی جبکہ منصوبوں کی بروقت تکمیل اور عوامی سہولت کو یقینی بنانے کے لیے مختلف اہم فیصلے بھی کیے گئے وزیر بلدیات سید ناصر حسین شاہ نے کہا کہ ایم-9 ابوالحسن اصفہانی روڈ برج کی منظوری ہو چکی ہے جبکہ ہاکس بے وائی جنکشن اسکیم بھی منظور شدہ منصوبوں میں شامل ہے، لہٰذا ان منصوبوں پر مزید تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی۔