کراچی ( اسٹاف رپورٹر)وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ اور وفاقی وزیر برائے قومی ورثہ و ثقافت ڈویژن اورنگزیب خان کچھی کی ملاقات، ملاقات میں قائداعظم مزار مینجمنٹ بورڈ اور نیشنل لائبریری آف پاکستان کے کراچی ریجنل آفس سے متعلق امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اور قومی ورثہ کے اداروں کے تحفظ اور دیرینہ انتظامی مسائل کے حل کے لیے وفاقی اور صوبائی حکومت کے درمیان رابطوں کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا گیا۔اجلاس میں مزارِ قائد اور اس کے اطراف کے علاقوں کی انتظامیہ، دیکھ بھال اور سکیورٹی سے متعلق امور کا جائزہ لیا گیا، جن میں تجاوزات، کچرے اور تعمیراتی ملبے کی غیر قانونی ڈمپنگ، منشیات کے عادی افراد اور شرپسند عناصر کی موجودگی سے پیدا ہونے والے سکیورٹی خدشات، اور قومی یادگار تک عوامی رسائی بہتر بنانے کی تجاویز شامل تھیں۔ اجلاس میں لیاقت میموریل لائبریری کمپلیکس میں قائم نیشنل لائبریری آف پاکستان کے ریجنل آفس سے متعلق تنازعات، جن میں پانی کی فراہمی، عمارت کے استعمال اور مستقبل میں توسیع کے منصوبے شامل ہیں، پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔