اسلام آباد (رپورٹ:حنیف خالد) مالیاتی ایکٹ 2026/27کے تحت لائف انشورنس اور فیملی تکافل پالیسیوں سے حاصل بعض ادائیگیوں پر ودہولڈنگ ٹیکس عائد کرنے کا نیا نظام متعارف ، تاہم موت، معذوری یا سات سال مکمل ہونے کے بعد ملنے والی ادائیگیاں اس ٹیکس سے مستثنیٰ قرار۔ مالیاتی ایکٹ کے تحت انکم ٹیکس آرڈیننس میں نیا سیکشن 151B شامل کر دیا گیا جس کے مطابق تمام لائف انشورنس کمپنیاں، فیملی تکافل آپریٹرز اور ونڈو تکافل آپریٹرز کسی فرد کو لائف انشورنس پالیسی، فیملی تکافل سرٹیفکیٹ، پلان یا اسی نوعیت کے انتظام کے تحت پے آؤٹ، سرنڈر ویلیو، میچورٹی کی رقم یا اسی نوعیت کی دیگر ادائیگی کرتے وقت فرسٹ شیڈول کے پارٹ III کے ڈویژن IC میں مقررہ شرح کے مطابق ٹیکس کاٹنے کی پابند ہوں گی۔