پشاور( لیڈی رپورٹر ) اکبر سیٹھی نے کہا کہ دفعہ 144کے نفاذ کے باوجود تاریخی فصیل کو نقصان پہنچنے کی اطلاعات تشویشناک ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ واقعے کی غیر جانبدارانہ، شفاف اور فوری تحقیقات کر کے ذمہ دار عناصر کو قانون کے مطابق سزا دی جائے۔ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ پشاور کی تاریخی فصیل، گنج گیٹ اور دیگر آثارِ قدیمہ ہماری تہذیبی شناخت اور قومی ورثہ ہیں، جن کا تحفظ متعلقہ اداروں کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے محکمہ آثار قدیمہ، ضلعی انتظامیہ، پی ڈی اے اور دیگر اداروں سے مطالبہ کیا کہ مبینہ انہدام کا فوری نوٹس لیکر باقی ماندہ تاریخی فصیل کو محفوظ بنایا جائے اکبر سیٹھی نے مزید کہا کہ متعدد بار میڈیا کے ذریعے متعلقہ اداروں کو فصیلِ شہر کی مبینہ مسماری اور گنج گیٹ کے تاریخی ورثے پر قبضے کے خدشات سے آگاہ کیا گیا، مگر مؤثر کارروائی نہیں کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ تاریخی ورثہ کسی فرد یا گروہ کی جاگیر نہیں بلکہ پوری قوم کی امانت ہے، اور اسکے تحفظ پر کسی قسم کا سمجھوتہ قبول نہیں کیا جائیگا۔