کراچی(طاہرعزیز/اسٹاف رپورٹر) چیئرمین لیاقت آباد ٹاؤن فراز حسیب نے تین سالہ کارکردگی اور بجٹ پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ٹاؤن کی 9 بلڈنگز میں 16اسکولوں کے انفرا اسٹرکچر کو بہتر کیا جسکے نتیجے میں تین سال پہلے ان میں 1400سو بچے زیر تعمیر تھے یہ تعداد بڑھ کر اب 3500ہو گئی ہے،رواں سال 2ہزار طلبہ کیلئے تعلیمی کارڈ جاری کرینگے،ہمارے میٹرنی ہوم میں 5 سو روپے بچے کی پیدائش اور 2 سو روپے الٹرا ساونڈ کی فیس لی جاتی ہے۔ اس موقع پر وائس چیئرمین اسحاق تیموری، میونسپل کمشنر دریا خان پتافی، کوآرڈی نیٹرصغیر احمد انصاری اور ڈائریکٹر انفارمیشن فہیم مصطفی بھی موجود تھے۔ چیئرمین لیاقت آباد ٹاؤن نے کہا کہ مالی سال 2026-27میں کونسل سے منظور ہونے والا بجٹ2 ارب11 کروڑروپے ہے جس میں ترقیاتی کاموں کیلئے53کروڑ روپے مختص کئے گئے ہیں۔ انہوں نے ٹاؤن کی صورتحال بیان کرتے ہوئے کہا کہ سندھ سالڈ ویسٹ اور کراچی واٹر کارپوریشن کو ٹاؤن اور یو سیز کے ماتحت ہونا چاہیے ان سے بہتر اسسٹنٹ کمشنر اور ڈپٹی کمشنر ہیں جو ٹاؤن کے مختلف مسائل میں بر وقت ہاتھ بٹاتے ہیں۔ انہوں نے تین سالہ کارکردگی بیان کرتے ہوئے کہا کہ پارکس، اسکولز، سڑکیں، سیوریج لائنیں، ڈسپنسریز کوبحال کرنے کے ساتھ پھولوں کی نمائش، سولر پلیٹوں کی تقسیم کا انتظام کیا15 لاکھ20ہزار اسکوائر فٹ پیور لگائے گئے750 گلیوںمیں اسٹریٹ لائٹس اور 20 ہزار پودے لگائے، لیاقت آباد کی بیک پتلی گلیوںسے دس اور بارہ سال پرانا جمع شدہ کچرا اٹھایا گیا۔ فراز حسیب نے کہا کہ اختیارات تھے نہ وسائل لیکن امیر جماعت اسلامی حافط نعیم کے ویژن کے مطابق بڑھ کر کام کیا ملازمین کو ان کے بقایاجات ادا کئے گئے۔