لاہور (آصف محمود بٹ) ٹی وی اینکرز اور پروگرام میزبانوں کی بھرتی، معاوضوں اور معاہدوں سے متعلق سرکاری ٹی وی سے معلومات کے حصول کا تقریباً دو سال پرانا تنازع نیا رخ اختیار کر گیا، وفاقی حکومت کے رائٹ آف ایکسیس ٹو انفارمیشن ایکٹ 2017کے تحت معلومات کی درخواست دینے والی سماجی کارکن سعدیہ مَظہر نے طویل انتظار اور کمیشن کے فیصلے پر عملدرآمد نہ ہونے کے احتجاج میں اپنی اپیل واپس لینے کی درخواست دے دی ہے جبکہ پاکستان انفارمیشن کمیشن (پی آئی سی) کا کہنا ہے کہ وزارتِ اطلاعات و نشریات نے وہی معلومات پہلے ہی فراہم کردی ہیں جو درخواست گزار نے پی ٹی وی سے طلب کی تھیں۔“جنگ “ سے گفتگو کرتے ہوئے چیف انفارمیشن کمشنر شعیب احمد صدیقی نے بتایا کہ کمیشن کو گزشتہ ہفتے سعدیہ مَظہر کی جانب سے اپیل واپس لینے کی درخواست موصول ہوئی ہے۔