اسلام آباد( نیوز رپورٹر)وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان اور چینی کمپنیوں کے مابین فارما سیوٹیکلز کے شعبے میں 44کروڑ ڈالرسے زائد مالیت کے 9معاہدوں کا خیرمقد م کرتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں ممالک کی نجی کمپنیوں کے مابین اشتراک سے پاکستان میں فارما سیوٹیکلز کے شعبوں کو ترقی ملے گی، چین پاکستان کا سب سے قابل اعتماد اور آزمودہ دوست اور اس کی معاشی و تزویراتی ترقی دنیا کےلئے ایک مثال ہے، چینی شہریوں کا تحفظ اولین ترجیح ہے، ان کی سلامتی کیلئے کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار جمعہ کو یہاں پاکستان اورچین کی فارما سیوٹیکلز کمپنیوں کی بزنس ٹو بزنس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعظم نے اس توقع کا اظہار کیا کہ یہ معاہدے عملی شکل اختیار کریں گے۔