اسلام آ باد (رانا غلام قادر) وفاقی حکومت نے اخراجات کو قابو میں رکھنے کیلئے رواں مالی سال 2026-27میں کفایت شعاری کے اقدامات جاری رکھنےکافیصلہ کیا ہے۔ذرائع کے مطا بق وفاقی کابینہ نےکفایت شعاری کے اقدامات رواں مالی سال جاری رکھنے کی منظوری دے دی ہے۔ کابینہ ڈویژن نے وفاقی کابینہ کا فیصلہ عمل درآمد کے لیے وزارت خزانہ کو بھجوادیا ہے۔ گذشتہ3 سال سےخالی تمام آسامیاں ختم کردی جائیں گی ۔نئی آسامیوں کی تخلیق پرپابندی برقرار رہےگی۔ رواں مالی سال ہر قسم کی گاڑیوں کی خریداری پر پابندی جاری رہے گی۔ مشنری اور آلات کی خریداری پر پابندی کو برقرار رکھا گیا ہے۔ حکومتی اخراجات پرملک سے باہر علاج پر پابندی برقرار رہےگی۔ حکومتی خرچے پرغیر ضروری بیرونی دوروں پرپابندی جاری رہے گی۔ وفاقی وزارت خزانہ کی جانب سےکفایت شعاری کےاقدامات جاری رکھنے کا نوٹیفکیشن جلد جاری کیے جانے کا امکان ہے۔