اسلام آباد (ساجد چوہدری )کوآرڈینیٹر جنرل کامسٹیک اقبال چوہدری کے بیک وقت دو عہدوں پر براجمان رہنے کا انکشاف ہوا ہے ،کوآرڈینیٹر جنرل کامسٹیک پروفیسر ڈاکٹر محمد اقبال چوہدری جنہیں وزارت سائنس و ٹیکنالوجی نے مختلف شکایات کی تحقیقات کے سلسلے میں (آج) ذاتی سماعت کیلئے بلا رکھا ہے ان کے بارے میں انکشاف ہوا ہے کہ جب پہلی بار اپریل 2020 میں ان کی بطور کوآرڈینیٹر جنرل کامسٹیک تقرری عمل میں لائی گئی تو وہ مبینہ طور پر اپنے پہلے عہدے کراچی میں واقع ریسرچ انسٹی ٹیوٹ آف کیمسٹری کے سربراہ کے طور پر بھی براجمان رہے، انہیں اس وقت وزارت سائنس و ٹیکنالوجی کی طرف سے ہدایت کی گئی تھی کہ وہ کراچی میں واقع ریسرچ انسٹی ٹیوٹ آف کیمسٹری کے اپنے عہدے کا چارج چھوڑ دیں کیونکہ ایک وقت میں دو عہدوں کا چارج نہیں رکھا جا سکتا مگر انہوں نے اس عہدے کا چارج سنبھالے رکھا ، انہیں اس وقت کے جوائنٹ سائنٹفک ایڈوائزر (آئی ایل ) پروفیسر ڈاکٹر ایم طارق مسعود نے 10نومبر 2020 کے اپنے خط کے ذریعے اس وقت کے وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی کی طرف سے جاری ہدایت سے بھی آگاہ کیا تھا کہ وہ اپنا دوسرا عہدہ چھوڑ دیں ، اس حوالے سے جب ڈاکٹر اقبال چوہدری سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے جواب نہ دیا۔