اسلام آباد (زبیر قصوری) پاکستان میں فائیو جی نیٹ ورک کی تیاریوں نے غیر معمولی رفتار اختیار کر لی ہے۔ پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی اور ایک بڑی موبائل کمپنی کے ذمہ دار ذرائع نے روزنامہ جنگ کو بتایا ہے کہ ملک بھر میں فائیو جی انفراسٹرکچر کی تکمیل کے لیے ہنگامی بنیادوں پر کام جاری ہے، جبکہ مختلف موبائل کمپنیوں کے درمیان زیادہ سے زیادہ فائیو جی سیل سائٹس (ٹاورز) فعال کرنے کا مقابلہ عروج پر پہنچ چکا ہے۔ ذرائع کے مطابق موبائل کمپنیوں نے 14 اگست تک اپنے اپنے اہداف مکمل کرنے کی منصوبہ بندی کر رکھی ہے تاکہ ملک میں فائیو جی نیٹ ورک کی دستیابی میں نمایاں اضافہ کیا جا سکے۔