اسلام آباد (نیوز رپورٹر، کامرس رپورٹر،اپنے نامہ نگار سے)وفا قی وزراء طارق فضل چوہدری اور طلا ل چوہدری ، بلال اظہر کیانی ،رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ عمران کی فیملی پاکستان مخالف بیانات کا موقع جانے نہیں دیتی، پاکستان مسلم لیگ (ن)کے رہنما اور وفاقی وزیر پارلیمانی امور طارق فضل چوہدری نے کہا ہے کہ معرکہ حق میں پاکستان کی فتح کو دنیا نے تسلیم کیا معرکہ حق سے متعلق نورین نیازی کا بیان قابل مذمت اور افسوسناک ہے،بانی پی ٹی آئی اور ان کی فیملی پاکستان مخالف بیانات کا کوئی موقع ہاتھ سے نہیں جانے دیتے۔وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے اپنے بیان میں کہا کہ بانی پی ٹی آئی اور ان کے خاندان کا ہدف پاکستان کو نقصان پہنچانا ہے،نورین نیازی کا بیان انتہائی افسوسناک ہے۔وزیر مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی نے پاکستان تحریک انصاف کے بانی کی بہن نورین نیازی کے حالیہ بیان کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے "شرمناک” اور "ریاست مخالف” قرار دیا ہے، ایسے بیانات پاکستان کے دفاع، سفارت کاری اور معیشت کو سیاسی مقاصد کے لیے نقصان پہنچانے والی سوچ کی عکاسی کرتے ہیں۔وفاقی وزیر غذائی تحفظ و تحقیق رانا تنویر حسین نے نورین نیازی کے بیان کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی مؤقف کی حمایت ، عمران خان کا پورا خاندان ملک دشمنی پر اتر آیا نورین نیازی کے معرکۂ حق سے متعلق بیان نے عمران خان کی اصل ذہنیت کھول کر سامنے رکھ دی ہے۔