• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان پرامن، روادار اور کثیرالثقافتی ملک ہے، رمیش سنگھ اروڑہ

لاہور(خبرنگار)آسٹریلیا کے شہر برسبین میں منعقدہ مینگو ملٹی کلچرل میلہ پاکستانی ثقافت، بین الثقافتی ہم آہنگی اور قومی یکجہتی کا شاندار مظہر بن گیا، جہاں پنجاب کے صوبائی وزیر برائے اقلیتی امور سردار رمیش سنگھ اروڑہ نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ میلے میں آسٹریلیا میں مقیم پاکستانی، سکھ برادری اور مختلف ثقافتی و سماجی تنظیموں کے نمائندوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی جبکہ صوبائی وزیر کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔ اس موقع پر سردار رمیش سنگھ اروڑہ نے پاکستانی اور سکھ برادری کے افراد سے ملاقاتیں کیں اور پاکستان و آسٹریلیا کے درمیان باہمی روابط، ثقافتی تعاون اور بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک پرامن، روادار اور کثیرالثقافتی ملک ہے جہاں تمام شہریوں کو بلاامتیاز مذہبی آزادی اور مساوی حقوق حاصل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دنیا کو یہ پیغام دینا چاہتے ہیں کہ پاکستان میں اقلیتوں کے حقوق، مذہبی آزادی اور مذہبی ورثے کے مکمل تحفظ کو یقینی بنایا جا رہا ہے اور اس ضمن میں حکومت پنجاب مؤثر اقدامات کر رہی ہے۔
لاہور سے مزید