لاہور (نیوزرپورٹر) پنجاب سی این ایف کی لاہور نارکوٹکس کنٹرول اسٹیشن کی ٹیموں نے مصدقہ خفیہ اطلاعات پر فوری کارروائی کرتے ہوئے تھانہ باٹا پور کے علاقے گاؤں ڈھیال میں متعدد کامیاب چھاپے مارے اور منشیات فروشوں کے اس منظم گروہ کو گرفتار کر لیا۔کارروائی کے دوران نیٹ ورک کے دو اہم کارندوں کو گرفتار کیا گیا، جن میں ایک خاتون اسمگلر بھی شامل ہے۔ ملزمان کے قبضے سے 24 کلوگرام اعلیٰ معیار کی ہیروئن برآمد ہوئی، جس کی اوپن مارکیٹ میں مالیت تقریباً 3 کروڑ 60 لاکھ روپے بتائی جاتی ہے۔ ترجمان پنجاب کاؤنٹر نارکوٹکس فورس کے مطابق ملزمان کے قبضے سے جدید اور مہلک اسلحہ بھی برآمد کیا گیا، جس میں ایک ایس ایم جی رائفل بمعہ 6 میگزین اور 377 گولیاں، ایک ایم فور (M4) رائفل بمعہ ایک میگزین، تین پستول (9 ایم ایم اور 30 بور) اور مختلف بور کے 800 سے زائد کارتوس شامل ہیں، جنہیں قبضے میں لے لیا گیا ہے۔