لاہور(خبرنگار)مذہبی و روحانی اداروں کو شفافیت، عوامی خدمت اور روحانی عظمت کے جدید مراکز میں تبدیل کرنا محکمہ اوقاف کا اولین مشن ہے۔ ان خیالات کا اظہار سیکرٹری و چیف ایڈمنسٹریٹر اوقاف پنجاب ڈاکٹر احسان بھٹہ نے اپریل تا جون سہ ماہی کارکردگی کا جائزہ لینے کے لیے منعقدہ اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ تاریخی کامیابیاں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی بصیرت افروز قیادت اور چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان کی مؤثر نگرانی میں حاصل کی گئی ہیں۔ اجلاس میں ڈائریکٹر جنرل مذہبی امور حافظ انیس الرحمٰن، ایڈیشنل سیکرٹری نبیلہ جاوید، ڈائریکٹر ایڈمنسٹریشن شاکر سندھو، ڈائریکٹر اسٹیٹ شاہد یعقوب، ڈائریکٹر پراجیکٹس رفیق نور وٹو، ڈپٹی ڈائریکر فنانس طاہر احمد اور دیگر اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔ ڈاکٹر احسان بھٹہ نے کہا کہ انقلابی انتظامی اصلاحات، شفاف مالی نظم و نسق اور عوامی خدمت کے غیر متزلزل عزم نے محکمہ اوقاف کو ادارہ جاتی کارکردگی، روحانی ترقی اور خدمتِ خلق کے ایک نئے دور میں داخل کر دیا ہے۔