ملتان (سٹاف رپورٹر)پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن (پی ایچ سی) اور یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز (یو ایچ ایس) نے صوبے بھر میں جنرل پریکٹشنرز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں اضافے اور بنیادی صحت کی سہولیات کے معیار کو بہتر بنانے کیلئے ایک مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط کر دیے ہیں۔جس میں دونوں اداروں کے اعلیٰ افسران اور فیکلٹی ممبران نے شرکت کی۔اس معاہدے کے تحت دونوں ادارے مشترکہ طور پر چھ ماہ پر مشتمل "سرٹیفکیٹ اِن فیملی میڈیسن" پروگرام شروع کریں گے۔یہ پروگرام جنرل پریکٹشنرز کو جدید طبی مہارتوں، شواہد پر مبنی علاج (Evidence-Based Medicine)مریضوں کی حفاظت، کلینیکل گورننس اور معیارِ علاج کے حوالے سے عملی تربیت فراہم کرے گا۔تربیت یو ایچ ایس سے منسلک تدریسی ہسپتالوں اور پنجاب بھر کے منظور شدہ طبی مراکز میں دی جائے گی، جہاں شرکاء کو کیس بیسڈ لرننگ، کلینیکل اسیسمنٹ اور ورک پلیس بیسڈ ٹریننگ سے گزارا جائے ۔اس پروگرام میں بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ ایمرجنسی سکلز سرٹیفیکیشن کورسز بھی شامل ہوں گے، جن میں بیسک لائف سپورٹ (بی ایل ایس)، ایڈوانسڈ لائف سپورٹ (اے ایل ایس)، فرسٹ ٹراما رسپانس، ایمرجنسی ٹرائی ایج اسیسمنٹ اینڈ ٹریٹمنٹ (ای ٹی اے ٹی)، نیونیٹل ریسیسیٹیشن پروگرام (این آر پی) اور ایمرجنسی آبسٹیٹرک رسپانس اینڈ میٹرنل لائف سپورٹ (ای او آر/ایم ایل ایس) شامل ہیں۔مفاہمتی یادداشت پر یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر احسن وحید راٹھور اور پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈاکٹر محمد ثاقب عزیز نے دستخط کیے۔ اس موقع پر ڈائریکٹر کلینیکل گورننس پی ایچ سی ڈاکٹر مشتاق احمد اور یو ایچ ایس کے شعبہ فیملی میڈیسن کی سربراہ پروفیسر ڈاکٹر عظمیٰ جبین بھی موجود تھیں اس معاہدے کے تحت یو ایچ ایس نصاب تیار کرے گا، تعلیمی اور عملی تربیت کا اہتمام کرے گا، داخلے اور امتحانات کا انعقاد کرے گا، اور کامیاب امیدواروں کو سرٹیفکیٹ جاری کرے گا۔