• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حسین آگاہی اور ملحقہ بازاروں میں ترقیاتی کام جلد مکمل کئے جائیں‘ تاجر

ملتان(سٹاف رپورٹر)حسین آگاہی اور ملحقہ بازاروں میں جاری ترقیاتی منصوبوں، سڑکوں اور سیوریج لائنوں کی کھدائی، کاروباری مراکز میں گرد و غبار، ٹریفک کی بدترین صورتحال اور تجاوزات کے خلاف پیرا فورس کی کارروائیوں سے تاجر برادری میں شدید بے چینی پائی جا رہی ہے۔ تاجروں نے مطالبہ کیا ہے کہ ترقیاتی کام جلد از جلد مکمل کیے جائیں، پیرا فورس کے مبینہ ناروا رویے اور من مانی کارروائیوں کا نوٹس لیا جائے اور تاجروں کو اعتماد میں لے کر مسائل کا مستقل حل نکالا جائے، بصورت دیگر احتجاج کا دائرہ وسیع کیا جائے گا۔چوک بازار، حسین آگاہی اور ملحقہ تجارتی مراکز میں تاجروں سے کیے گئے سروے کے دوران شیخ پرویز اختر نے کہا کہ شہر میں سیوریج لائنوں کی تبدیلی کے لیے ہونے والی کھدائی نے کاروباری سرگرمیوں کو بری طرح متاثر کیا ہے، گرد و غبار کی وجہ سے شہری اور دکاندار مختلف بیماریوں میں مبتلا ہو رہے ہیں جبکہ خریدار بھی بازاروں کا رخ کرنے سے گریز کر رہے ہیں۔خرم حیات نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں پر اربوں روپے خرچ کیے جا رہے ہیں لیکن کام کی رفتار انتہائی سست ہے۔سید سجاد نقوی کا کہنا تھا کہ تجاوزات کی آڑ میں پیرا فورس کی کارروائیوں نے چھوٹے تاجروں کو شدید مشکلات سے دوچار کر رکھا ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ سامان ضبط کیا جاتا ہے، بلاوجہ ہراساں کیا جاتا ہے محمد عابد قریشی نے کہا کہ ترقیاتی کاموں کی وجہ سے راستے بند ہونے سے کاروبار تقریباً مفلوج ہو چکا ہے۔محمد انیس نے مطالبہ کیا کہ سڑکوں کی فوری بحالی، گرد و غبار کے خاتمے کے لیے پانی کا چھڑکاؤ، ٹریفک کی روانی بہتر بنانے اور بازاروں میں بنیادی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔نوید قریشی نے کہا کہ تاجر برادری ترقیاتی کاموں کی مخالف نہیں، تاہم منصوبوں کی ناقص منصوبہ بندی اور غیر ضروری تاخیر نے شہریوں اور کاروباری طبقے کو شدید مشکلات میں مبتلا کر دیا ہے۔معراج دین نے کہا کہ واسا اور دیگر متعلقہ اداروں کے درمیان مؤثر رابطے کے فقدان کے باعث ایک ہی مقام پر بار بار کھدائی کی جا رہی ہے۔عبدالوہاب نے مطالبہ کیا کہ انتظامیہ تاجروں کے نمائندوں کے ساتھ فوری مذاکرات کرے۔رانا ارشد نے کہا کہ بازاروں میں پارکنگ، ٹریفک اور صفائی کے مسائل بھی شدت اختیار کر چکے ہیں، جنہیں فوری طور پر حل کرنا ناگزیر ہے۔مکی حسین نے کہا کہ ترقیاتی کاموں کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا جائے ۔ملک انتظار نے کہا کہ انتظامیہ فوری طور پر پیرا فورس کی کارروائیوں کا جائزہ لے۔کاشف نہال نے کہا کہ اگر ایک ہفتے کے اندر ترقیاتی منصوبوں کی رفتار بہتر نہ کی گئی تو تاجر برادری احتجاجی تحریک، شٹر ڈاؤن ہڑتال، بھوک ہڑتالی کیمپ اور اہم عوامی مقامات پر دھرنوں سمیت آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کرنے پر مجبور ہوگی۔
ملتان سے مزید