کراچی(اسٹاف رپورٹر) میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہےکہ 45 بڑے برساتی نالوں کی صفائی کا خصوصی آپریشن 15 جون سے شروع کیا گیا جو 15 ستمبر تک بلا تعطل جاری رہے گا،بارشوں کے دوران بھی مشینری اور عملہ متحرک رہے گا تاکہ کسی بھی مقام پر پانی کی نکاسی میں رکاوٹ پیدا نہ ہو، اس مقصد کے لیے محکمہ میونسپل سروسز کے عملے کی تمام چھٹیاں منسوخ کر دی گئی ہیں جبکہ افسران، انجینئرز اور متعلقہ عملہ چوبیس گھنٹے فیلڈ میں موجود رہے گا ،ان خیالات کا اظہار انہوں نے مون سون بارشوں سے قبل شہر میں نکاسی آب کے انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے میونسپل کمشنر ابرار احمد جعفر، متعلقہ افسران اور محکمہ میونسپل سروسز کی ٹیم کے ہمراہ مختلف برساتی نالوں کا تفصیلی دورہ کرنے کے موقع پر کیا، میئر کراچی نے گلاس ٹاور، گرومندر، جہانگیر روڈ اور کریسنٹ کالونی کے برساتی نالوں کا معائنہ کیا ، انہوں نے متعلقہ افسران کو فوری کارروائی کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ جہاں بھی رکاوٹ یا بندش کی شکایت ہو، اسے ترجیحی بنیادوں پر دور کیا جائے۔