• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سانحہ گل پلازہ، تفتیشی افسر کو مکمل رپورٹ کے ساتھ پیش ہونے کی ہدایت

کراچی(اسٹاف رپورٹر) عدالت نے سانحہ گل پلازہ آتشزدگی کیس میں تفتیشی افسر کو آئندہ سماعت پر مکمل رپورٹ کے ساتھ پیش ہونے کی ہدایت کردی،تفصیلات کے مطابق ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج جنوبی کی عدالت میں سانحہ گل پلازہ آتشزدگی کیس میں یونین صدر تنویر پاشا اور دیگر ملزمان کی عبوری ضمانت کی درخواستوں پر سماعت ہوئی، تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ مقدمے کا حتمی چالان ابھی جمع نہیں کرایا جا سکا اور اس سلسلے میں جوڈیشل مجسٹریٹ سے مزید ایک ہفتے کی مہلت طلب کی جائے گی، عدالت نے ریمارکس دیے کہ صرف پروگریس رپورٹ جمع کرانے سے کام نہیں چلے گا، تفتیش کو منطقی انجام تک پہنچانا ہوگا،عدالت نے تفتیشی افسر کو میڈیا سے گفتگو میں بھی احتیاط برتنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ غیر ذمہ دارانہ بیانات سے عوام میں تفتیش کے حوالے سے غلط تاثر پیدا ہوتا ہے،سماعت کے دوران پراسیکیوٹر رانا خلیق نے مؤقف اختیار کیا کہ یونین صدر نے آتشزدگی کے بعد پلازے کی بجلی بند کروائی تھی، جبکہ وکیل صفائی شیخ جاوید میر نے کہا کہ آگ لگنے کے بعد بجلی بند کرنا ایک معیاری حفاظتی طریقہ کار (SOP) ہے، انہوں نے مؤقف اختیار کیا کہ کمشنر اور مجسٹریٹ کی تحقیقاتی رپورٹس میں مختلف اداروں کو ذمہ دار قرار دیا گیا ہے،عدالت نے ملزمان کی عبوری ضمانت کی درخواستوں پر مزید سماعت 4 اگست تک ملتوی کر دی۔

شہر قائد/ شہر کی آواز سے مزید