کراچی ( اسٹاف رپورٹر) پاکستان تحریک انصاف کراچی کی ترجمان و سیکریٹری انفارمیشن کراچی ڈویزن فوزیہ صدیقی نے کراچی میں امن و امان کی مسلسل بگڑتی ہوئی صورتحال پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہر میں ایک بار پھر بدامنی پھیلانے کی سازشیں نظر آ رہی ہیں جنہیں ناکام بنانا ہوگا ، اسٹریٹ کرائمز، ڈکیتیوں، اغوا برائے تاوان اور بھتہ خوری کے بڑھتے ہوئے واقعات شہریوں کے لیے شدید خوف و ہراس کا باعث بن چکے ہیں ،انہوں نے کہا کہ کراچی کا امن صرف شہر کے عوام ہی نہیں بلکہ پورے ملک کی معیشت سے جڑا ہوا ہے، کیونکہ کراچی چلتا ہے تو پاکستان چلتا ہے، شہر کے امن پر کسی قسم کا سمجھوتہ قبول نہیں کیا جا سکتا، انہوں نے کہا کہ تاجروں، صنعت کاروں اور بلڈرز کو بھتہ کی پرچیاں ملنا قانون نافذ کرنے والے اداروں کے لیے لمحۂ فکریہ ہے۔