پشاور(جنگ نیوز) مبینہ جعلی ڈومیسائل اسکینڈل نے کاٹلنگ کی ضلعی انتظامیہ میں ہلچل مچا دی ہے۔ ذرائع کے مطابق، اسسٹنٹ کمشنر کاٹلنگ قیصر حسین مغل نے اپنے دفتر میں تعینات کمپیوٹر آپریٹر کے خلاف مبینہ طور پر جعلی دستخط اور سرکاری مہر استعمال کرکے ڈومیسائل جاری کرنے کے الزام پر قانونی کارروائی کے لیے مراسلہ جاری کیا۔ ذرائع کا دعویٰ ہے کہ اس معاملے کے بعد گورنر ہاؤس اعلیٰ عہدیدار کے بھائی بتائے جاتے ہیں، اسسٹنٹ کمشنر کے دفتر پہنچے، جہاں دونوں کے درمیان سخت جملوں کا تبادلہ ہوا۔ ذرائع کے مطابق، اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر پر دباؤ ڈالنے اور ان کے خلاف مقدمہ درج کرانے کی دھمکی بھی دی گئی۔ ذرائع کے مطابق، ایف آئی آر درج نہ ہو سکی، تاہم اسسٹنٹ کمشنر نے واقعے کی مکمل رپورٹ ڈپٹی کمشنر مردان کو ارسال کر دی، جس کے بعد معاملے کی انکوائری شروع کر دی گئی ہے۔ ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ کمپیوٹر آپریٹر اس سے قبل بھی مبینہ طور پر اسی نوعیت کے بعض معاملات میں انکوائریوں کا سامنا کر چکے ہیں، اور ان کے خلاف محکمانہ کارروائی کے تحت معطلی بھی عمل میں آ چکی ہے۔ دوبارہ پیش آنے والے اسی واقعے نے سرکاری امور میں مبینہ مداخلت، اختیارات کے استعمال اور قانون کی بالادستی سے متعلق کئی سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔ عوامی حلقوں کا مطالبہ ہے کہ انکوائری شفاف، غیر جانبدار اور میرٹ پر مکمل کی جائے۔