اسلام آباد، راولپنڈی (رانا غلام قادر، حافظ وسیم اختر) وفاقی حکومت نےآزادکشمیر کےعام انتخابات کی سیکیورٹی کیلئے پاک فوج،رینجرز اور یف سی تعیناتی کرنے کی منظوری دیدی۔ جبکہ آزاد کشمیر الیکشن ڈیوٹی کیلئے ملک بھر سے 16 ہزار پولیس اہلکا روانہ کردئیے گئے۔ ذرائع کے مطابق فوج اور سول آرمڈ فورسز کی تعیناتی آئندہ ماہ12 اگست تک ہوگی۔ سیکورٹی فورسزکی تعیناتی پرامن،آزادنہ،صاف اور شفاف انتخابات کے انعقاد کیلئے ہوگی۔ آزاد کشمیر حکومت نےپاک فوج اورسول آرمڈ فورسزکی تعیناتی کی درخواست کی تھی۔ آزاد کشمیر حکومت نے انتخابات کیلئے سیکورٹی فورسزکی تعیناتی کو ناگزیر قرار دیا۔ آزاد کشمیر الیکشن کمیشن نےفوج اور سول آرمڈ فورسز کی تعیناتی مانگی تھی۔ سیکورٹی فورسزکی تعیناتی پولنگ اسٹیشنز کیلئے مانگی گئی تھی۔ تقریبا تمام بڑی سیاسی جماعتوں کے نمائندوں نے فوج، سول آرمڈفورسز کی تعیناتی کا مطالبہ کیا تھا۔ علاوہ ازیں آزاد کشمیر الیکشن ڈیوٹی کیلئے ملک بھر سے 16 ہزار پولیس اہلکا روانہ کر دئیے گئے، آزاد جموں و کشمیر میں عام انتخابات کے پرامن انعقاد کو یقینی بنانے کیلئے چاروں صوبوں اور گلگت بلتستان سے 16 ہزار پولیس اہلکاروں پر مشتمل فورس بلوائی گئی ہے، مجموعی نفری میں سب سے بڑا حصہ پنجاب پولیس کا ہے، جہاں سے 14 ہزار جوان الیکشن ڈیوٹی سرانجام دینے کیلئے بھیجے گئے ہیں، اسکے علاوہ سندھ پولیس سے 2 ہزار، خیبر پختونخوا سے 500، بلوچستان سے 200 جبکہ گلگت بلتستان سے 100 پولیس اہلکار آزاد کشمیر روانہ ہو چکے ہیں۔