اسلام آباد(راحت منیر/اپنے رپورٹرسے) پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما و صوبائی وزیر اطلاعات سندھ شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ پنجاب میں مسلم لیگ (ن) جعلی مینڈیٹ کے ذریعے حکومت کر رہی ہے ،۔ انہوں نے الزام لگایا کہ بعض اداروں کے ذریعے ماورائے عدالت اقدامات کی مثالیں قائم کی جا رہی ہیں، جو قانون کی حکمرانی کے منافی ہیں۔انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن میں ایک ہی شخص سمجھدار ہے اور وہ وزیراعظم شہباز شریف ہیں ۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) 2024 کے عام انتخابات میں دھاندلی اور جعلی مینڈیٹ کے ذریعے اقتدار میں آئی اور اب اسی طرزِ عمل کو آزاد کشمیر میں بھی دہرانا چاہتی ہے، تاہم پاکستان پیپلز پارٹی عوامی مینڈیٹ پر کسی بھی قسم کا ڈاکہ برداشت نہیں کرے گی اور ہر قانونی و آئینی فورم پر عوام کے حق کا دفاع کرے گی۔اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے شرجیل انعام میمن نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی ہمیشہ پارلیمنٹ، جمہوری نظام اور آئین کی مضبوطی کے لیے کھڑی رہی ہے، مسلم لیگ (ن) کے پاس عوامی مینڈیٹ نہیں، یہی وجہ ہے کہ عوام آج بھی 2024 کے انتخابات کے نتائج پر سوال اٹھاتے ہیں،انہوں نے مطالبہ کیا کہ جن حلقوں میں سنگین بے ضابطگیوں اور دھاندلی کی نشاندہی ہوئی ہے، خصوصاً چوہدری یاسین کے حلقے میں، وہاں فوری طور پر دوبارہ انتخابات کرائے جائیں تاکہ عوام کا اعتماد بحال ہو سکے۔