اسلام آباد ( نیوز رپورٹر ) پاکستان، ترکیہ اور سعودی عرب کے درمیان مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کے موقع پر وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کو خصوصی طور پر برقی قمقموں، قومی پرچموں اور ایل ای ڈی سکرینز سے سجا دیا گیا۔ شاہراہ دستور پر پاکستان، ترکیہ اور سعودی عرب کے قومی پرچم آویزاں کیے گئے ہیں جبکہ پارلیمنٹ ہاؤس سمیت اہم سرکاری عمارتوں کو بھی خوبصورتی سے برقی روشنیوں اور خصوصی سجاوٹ سے آراستہ کیا گیا ہے۔ شاہراہ دستور اور کچہری چوک سمیت وفاقی دارالحکومت کے اہم مقامات پر خصوصی ایل ای ڈی سکرینز نصب کی گئی ہیں ایل ای ڈی سکرینز پر تینوں برادر اسلامی ممالک کے درمیان تاریخی برادرانہ تعلقات، باہمی تعاون اور مشترکہ دفاعی عزم کو اجاگر کیا جا رہا ہے۔ رات کے وقت پاکستان، ترکیہ اور سعودی عرب کے قومی پرچموں، روشن ایل ای ڈی سکرینز اور برقی قمقموں سے سجی شاہراہ دستور، پارلیمنٹ ہاؤس اور دیگر سرکاری عمارتیں انتہائی خوبصورت اور دیدہ زیب منظر پیش کر رہی ہیں۔