راولپنڈی / کراچی (حافظ وسیم اختر / خبر نگا ر / ٹی وی رپورٹ ) راولپنڈی کے حساس علاقہ میں فائرنگ کرنے والا جوابی کارروائی میں مارا گیا، مال روڈ پر محمد حسین نے سیکورٹی فورسز کی پٹرولنگ ٹیم پر فائرنگ کی ،ایک اہلکار زخمی ہو ا،پولیس کا کہنا ہے کہ تعلق مخصوص سیاسی جماعت سے تھا ۔ معاون خصوصی وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا شفیع اللہ جان نے تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ مرنے والے کا تعلق پی ٹی آئی سے تھا۔ وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ تشدد کی سیاست پی ٹی آئی کا وطیرہ بن چکی ہے۔ پی ٹی آئی کے سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجہ نے مال روڈ واقعہ میں ملوث دہشت گرد سے لاتعلقی کااظہار کردیا۔ راولپنڈی پولیس کے مطابق 11 اگست کو دن سوا گیارہ بجے راولپنڈی مال روڈ پر محمد حسین نامی شخص نے جس کا تعلق مخصوص سیاسی جماعت سے تھا، اپنی پستول سے سیکورٹی فورسز کی پٹرولنگ ٹیم پر فائرنگ کی،جس کے نتیجے مَیں ایک اہلکار زخمی ہوا،جوابی فائرنگ سے حملہ آور ہلاک گیا، ذرائع کاکہنا ہے کہ مارا جانے والا ملزم پی ٹی آئی کا سرگرم رکن تھا اس کے قبضے سے پارٹی پرچم، اسلحہ، گولیاں اور اہم دستاویزات بھی بر آمد ہوئی ہیں۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے مزید تفتیش اور تحقیقات شروع کر دی۔