راولپنڈی (حافظ وسیم اختر،زبیر قصوری) آن لائن فراڈ اور دیگر غیر قانونی سرگرمیوں میں مبینہ طور پر ملوث 284 غیر ملکیوں کو ملک بدر کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ،اسلام آباد کے علاقہ گلبرگ گرینز میں واقع پلازہ سے ایف آئی اے کے آپریشن کے دوران گرفتا رغیر ملکی سفری دستاویزات اور دیگر ضروری قانونی کارروائی کی تکمیل کے بعد 15 روز کے اندر پاکستان سے روانہ کیے جائیں گے ،ملزمان مبینہ طور پر لڑکیوں کی جعلی شناخت بنا کر پاکستانیوں کو سرمایہ کاری کے نام پر لوٹتے تھے؛ سہولت کاروں اور ہینڈلرز کا بھی سراغ مل گیا،ڈائریکٹر جنرل وفاقی تحقیقاتی ادارہ (ایف آئی اے) عثمان انور کی خصوصی ہدایت پر آپریشن ہوا، تحقیقات اور قانونی کارروائی کے لیے متعدد خصوصی ٹیمیں تشکیل دی تھیں، ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے عثمان انور نے نمائندہ خصوصی سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ گرفتار افراد میں سے بیشتر مبینہ طور پر مختلف موبائل ایپلی کیشنز اور آن لائن پلیٹ فارمز پر لڑکیوں کی جعلی شناخت بنا کر پاکستانی شہریوں سے رابطے کرتے تھے۔ اعتماد حاصل کرنے کے بعد انہیں مختلف کاروباری اور سرمایہ کاری اسکیموں میں بھاری منافع کا لالچ دیا جاتا اور بعدازاں ان سے رقوم ہتھیا لی جاتی تھیں۔ڈی جی ایف آئی اے کے مطابق اس منظم طریقۂ واردات کے ذریعے متعدد پاکستانی شہریوں کو مالی نقصان پہنچایا گیا۔