کراچی ( نصر اقبال/ اسٹاف رپورٹر ) 14ویں سائوتھ ایشین گیمز اگلے سال 3 سے11 اپریل تک پاکستان میں ہونگے، ساؤتھ ایشیا اولمپک کونسل کی ایگزیکٹو کمیٹی نے شیڈول سمیت اہم انتظامی امور کی منظوری دے دی، اسلام آباد، لاہور،پشاور میزبانی کرینگے۔ ساؤتھ ایشیا اولمپک کونسل کی ایگزیکٹو کمیٹی کا اجلاس اتوار کو اسلام آباد میں پاکستان اولمپک کے صدر عارف سعید کی سربراہی میں ہوا ۔ اجلاس میں سری لنکا، بنگلہ دیش، نیپال، بھوٹان اور مالدیپ کے نمائندوں نے شرکت کی ، بھارتی وفد ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوا۔ گیمز میں 28 مردوں اور 25 خواتین کے کھیل ہوں گے، جبکہ رکن ممالک کے 4 ہزار 200 سے زائد ایتھلیٹس اور آفیشلز کی شرکت متوقع ہے۔