کراچی (اسٹاف رپورٹر) ایشین کرکٹ کونسل جنرل اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ افغانستان کرکٹ بورڈ اے سی سی کی صدارت سنبھالے گا اس وقت کونسل کے صدر محسن نقوی ہیں۔ اس سے قبل کونسل کی صدارت پاکستان، بنگلہ دیش، سری لنکا اور بھارت کے درمیان روٹیشن کی بنیاد پر ہوتی تھی۔ اعلامیہ کے مطابق ایشین کرکٹ کونسل سالانہ جنرل اجلاس بنکاک میں ہوا ۔ایشین کرکٹ کونسل کے انتخابات میں پاکستان کے حمایت یافتہ پینل نے بھارتی حمایت یافتہ پینل کو شکست دی۔ اے سی سی بورڈ میں ڈائریکٹرز کی 3 نشستوں کیلئے انتخابات ہوئے۔ جس میں پاکستان کے حمایت یافتہ پینل کے تینوں امیدوار کامیاب ہو گئے۔ اے سی سی کے قیام کے بعد یہ پہلا موقع ہے کہ پاکستان کے حمایت یافتہ پینل نے تینوں نشستیں حاصل کی ہیں۔ اجلاس میں بھارت کی نمائندگی راجیو شکلا نے کی۔ یو اے ای کرکٹ بورڈ کے نائب صدر خالد الزرونی کونسل کے نائب صدر منتخب ہوئے، نان ٹیسٹ پلیئنگ فل ممبر میں قطر اور سنگاپور کرکٹ ایسوسی ایشن کے صدور دو سال کیلئے ایگزیکٹو بورڈ کے رکن منتخب ہوگئے، مالدیپ کے محمد فیصل اور بحرین کرکٹ فیڈریشن کے محمد منصور اے سی سی ایگزیکٹو بورڈ کے رکن منتخب ہوئے۔ صدر محسن نقوی کا کہنا ہے کہ ایشیا میں کرکٹ ہمیشہ ایک کھیل سے بڑھ کر رہی ہے، اجلاس میں کیے گئے فیصلے ہماری گورننس کی پختگی کو ظاہر کرتے ہیں، نو منتخب نائب صدر اور ایگزیکٹو بورڈ کے ارکان کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ا ے سی سی سالانہ جنرل اجلاس میں انتخابات کے علاوہ ایجنڈے پر بھی بحث ہوئی۔ اگلے سال ہونے والے ایشیا کپ پر بھی بات چیت ہوئی، بنگلہ دیش میں اگلے سال ہونے والے ایشیا کپ کی تیاریوں کا جائزہ لیا گیا۔ بنگلہ دیش کے تین وینیوز سلہٹ، میرپور اور چٹوگرام کی تجویز دی گئی۔ دبئی میں ہونے والے ویمنز ایشیا کپ کی تیاریوں اور انتظامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔