راولپنڈی ( نیوزایجنسی، نیوز رپورٹر ) پاکستان اور کویت نے دفاعی تعاون کو مزید وسعت دینے کے لئے پروٹوکول ایگریمنٹ 2026ء پر دستخط کردیئے ہیں، معاہدے کے تحت پاک فوج کویتی مسلح افواج کو تربیت، استعداد کار میں اضافے، سرحدی انتظام اور دفاعی تعاون کے دیگر باہمی طور پر طے شدہ شعبوں میں معاونت فراہم کرے گی، نیا معاہدہ دونوں ممالک کے درمیان 2023ء میں طے پانے والے دفاعی تعاون کے معاہدے کے تحت قائم فوجی تعاون کے فریم ورک کو مزید مضبوط بنائے گا، یہ معاہدہ کویت کے وزیر دفاع شیخ عبداللہ علی عبداللہ السلیم الصباح کی سربراہی میں اعلیٰ سطحی وفد کے دورہ پاکستان کے دوران طے پایا،کویتی وزر دفاع شیخ عبداللہ علی عبداللہ السلیم الصباح کی سربراہی میں اعلیٰ سطح وفد نے چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقات کی ،آئی ایس پی آر کے مطابق دونوں جانب سے ادارہ جاتی تعلقات مزید مضبوط بنانے اور باہمی مفاد پر مبنی دفاعی تعاون کو وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کیا گیا، کویتی وزیر دفاع نے راولپنڈی میں اپنے پاکستانی ہم منصب وزیر دفاع خواجہ محمد آصف سے ملاقات کی، جس میں باہمی دلچسپی کے امور، دوطرفہ دفاعی تعلقات، سکیورٹی تعاون اور دونوں ملکوں کے درمیان دفاعی روابط مزید مستحکم کرنے کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ بعد ازاں دونوں ممالک کے اعلیٰ حکام نے پروٹوکول ایگریمنٹ 2026ء پر دستخط کئے۔ وزارت دفاع کے مطابق نئے معاہدے کے تحت پاکستان کی مسلح افواج کویتی مسلح افواج کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعاون کریں گی۔ اس تعاون میں فوجی تربیت، استعداد کار میں اضافہ، سرحدی انتظام اور دفاعی تعاون کے دیگر باہمی طور پر طے شدہ شعبے شامل ہوں گے۔ معاہدے کو پاکستان اور کویت کے درمیان گہرے اعتماد، باہمی احترام اور مشترکہ تزویراتی مفادات پر مبنی دیرینہ دفاعی تعلقات کا عکاس قرار دیا گیا ہے۔