کراچی (اسٹاف رپورٹر)جماعت اہلسنّت پاکستان کراچی کے امیر علامہ سید شاہ عبدالحق قادری نے کہا کہ عید میلاد النبیﷺ محض ایک تہوار نہیں بلکہ حضور نبی کریم ﷺسے اپنی والہانہ عقیدت و محبت کے اظہار کا دن ہے ، دینی اصولوں پر استقامت کامیابی کی کنجی ہے،مسلمان حق و سچائی کا علمبردار ہوتا ہے جو لوگ قرآن و سنت کی اتباع کرتے ہیں انہیں عروج و منزلت حاصل ہوتی ہے۔جب تک ہم خود شریعت کی پابندی نہیں کریں گے دوسروں پر ہماری نصیحت کا کوئی اثر نہیں ہو گا، ہما را مقصد پر فتن دور میں عقائد نظریات کا تحفظ اور لوگوں کے اخلاق و کردار کی اصلاح کرنا ہے ،یہ بات انھوں نےبدھ کو نشتر پارک میں میلاد مصطفی ﷺکے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہی انہوں نے کہا کہ کچھ عناصر بیرونی ایجنڈے پر ایک خاص منصوبے کے تحت ملک میں فتنہ،شر انگیزی پھیلا نا چاہتے ہیں،آئین پاکستان کے اسلامی قوانین خصوصاً قانون ناموس رسالت 295-C ان کا خاص ہدف رہا ہے۔