کراچی( اسٹاف رپورٹر)جماعت اسلامی کے پیٹرول لیوی بھتہ ٹیکس کے خلاف گورنر ہاؤس سندھ پر بدھ 12ربیع الاول کو دھرنے کے 11ویں دن عظیم الشان”سیرت النبی ؐ کانفرنس“ منعقد ہوئی جس میں شہر بھر سے مردو خواتین، نوجوان، بزرگ، بچے، علماء کرام، اساتذہ، طلبہ و طالبات، تاجر، محنت کش، ڈاکٹرز، انجینئرز، وکلاء سمیت مختلف شعبہ زندگی سے وابستہ افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی، کانفرنس رات گئے تک جاری رہی۔جبکہ جمعرات کو دھرنے کے 12ویں دن امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے گورنر ہاؤس پر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ پمز اسپتال کے سانحے میں بھی وہی ہوا جو سانحہ گل پلازہ میں ہوا، کوئی الارم سسٹم نہیں تھا، ایم کیو ایم کے مصطفیٰ کمال رعونت کا مظاہرہ کرتے نظر آرہے ہیں، انہیں تو اخلاقی طور پر استعفیٰ دے دینا چاہئے۔ واضح رہے کہ 26اگست کو جماعت اسلامی کا 85واں یوم تاسیس بھی تھا۔ جماعت اسلامی پاکستان کے نائب امیر ڈاکٹر اسامہ رضی نے سیرت النبیؐ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نبی کریم ؐ پیغمبر انقلاب تھے اور انہوں نے انقلاب برپا کیا۔ انقلاب کا مطلب ہے کہ رائج الوقت اور جمائے نظام کو زمین بوس کردیا جائے۔ شہادت حق اصلاً حکمران وقت کے سامنے کلمہ حق بلند کرنا حق اور سچ کی جدوجہد کرنا ہے۔