ملتان(سٹاف رپورٹر،نمائندگان جنگ ) ملتان سمیت مختلف شہروں خانیوال ،لودھراں، وہاڑی ،مظفر گڑھ ،کوٹ ادو ،میلسی ،جلہ جیم ،شاہ جمال ،شجاع آبادروہیلانوالی ،دھنوٹ ،ٹاٹے پور،عبدالحکیم اور دیگر شہروں میں عید میلاد النبی ﷺ کے جلوس نکالے اور تقریبات منعقد کی گئیں ، فضائیں مرحبا یارسول اللہ سے گونجتی رہیں،جلوس کا عوام اور تاجران کی طرف سے بھر پور استقبال کیا گیا گل پاشی کی گئی،ملتان میں جامعہ اسلامیہ عربیہ انوارالعلوم ٹی بلاک نیو ملتان کی طرف سے عید میلاد النبیﷺ کا مرکزی جلوس 29واں سالانہ ”کاروان مصطفی شیخ الاسلام والمسلمین علامہ سید ارشد سعید کاظمی کی قیادت میں نکالا گیا جو قذافی چوک، مدنی چوک، سبزی منڈی چوک، شاہ رکن کالونی، میلاد چوک،گلشن مارکیٹ،الرحیم چوک، معصوم شاہ روڈ، گلستان چوک،خانیوال روڈ، رشید آباد چوک سے گزر کرشاہی عیدگاہ میں غزالی زماں علامہ سیداحمد سعید کاظمی کے مزارپر اختتام پذیرہوا۔ درگاہ عالیہ حضرت چادروالی سرکارکے سجادہ نشین صاحبزادہ پیرسیدعلی حسین شاہ نے کہا ہے کہ حضور نبی کریم ﷺدونوں جہانوں کے لیے رحمت بن کر تشریف لائے آپ ﷺکی آمد سے جہالت کے اندھیرے ختم ہوئے اور ہر طرف نور کا اجالا چھاگیا ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے تحریک اخوت اسلامیہ پاکستان کے زیر اہتمام عید میلادالنبی ﷺکے موقع پر نکالے گئے جلوس کے شرکا سے خطاب کے دوران کیا۔ جلوس آستانہ عالیہ کوٹھی مکی مدنی سے شروع ہوا دہلی گیٹ دولت گیٹ اور حسین آگاہی چوک سے ہوتا ہوا پاک گیٹ چوک پر اختتام پذیر ہوا ، مرکزی جماعت اہل سنت پاکستان ملتان کے زیراہتمام 55 واں سالانہ جلوس 12ربیع الاول کو صبح 8 بجے خانقاہ حامدیہ قلعہ کہنہ قاسم باغ سے نکالا گیا جس کی قیادت جانشین پیرطریقت حضرت قاری ناصر میاں خان نقشبندی اور علمائ مشائخ اہل سنت اور عہدیداران مرکزی جماعت اہل سنت پاکستان ملتان نے کی۔ضلعی انتظامیہ کے زیر اہتمام عید میلاد النبی کے سلسلہ میں رضا ہال میں پرنور محفل میلاد کا انعقاد کیا گیا ۔محفل میلاد میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر انفورسمنٹ زہرہ نور اور چیف ایگزیکٹو آفیسر ضلع کونسل چوہدری اظہر سمیت دیگر افسران و اہلکاروں نے شرکت کی ، بزمِ حسان بن ثابت اور بزمِ المعصوم کے اشتراک سے نکالی گئی 26ویں سالانہ مرکزی جشنِ آمدِ سرورِ کونین و ختمِ نبوت میلاد ریلی انتہائی عقیدت و احترام اور مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ اختتام پذیر ہوئی،لیڈیز کلب بہاءالدین زکریا یونیورسٹی ملتان میں جشنِ ولادتِ رسول ﷺ کے سلسلے میں روح پرور محفلِ میلاد کا انعقاد کیاگیا ۔ اس موقع پر ڈاکٹر ثمینہ رفیق، ڈاکٹر نصرت انجم اور ڈاکٹر اقصیٰ شہزادی سمیت دیگر خواتین نے بھی نعتیہ کلام پیش کیا۔