اسلام آباد (عاطف شیرازی) دنیا کےکئی ممالک میں نومولود بچوں کی اموات اور سنگین انتظامی ناکامیوں کے بعد وزرا کے استعفوں کی مثالیں موجود ہیں ۔پاکستان میں وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال نے احتساب کا فیصلہ وزیرا عظم شہباز شریف پر چھوڑ دیا ۔ رپورٹس کےمطابق 2019 میں تیونس کے ایک سرکاری زچگی اسپتال میں 11 نومولود بچوں کی ہلاکت کے بعد وزیر صحت عبدالروف الشریف نے استعفیٰ دے دیا تھا، نومولود بچوں کی ہلاکت کا واقعہ دو دن کے دوران پیش آیا تھا اور واقعے پر شدید عوامی ردعمل کے بعد وزیر صحت نے سیاسی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے عہدہ چھوڑا۔ پرتگال میں 2022 میں صحت کے نظام میں بحران اور زچگی کی سہولیات سے متعلق مسائل کے دوران وزیر صحت مارٹا تیمیدو نے استعفیٰ دیا، جبکہ جنوبی افریقہ میں 2016-17 کے لائف ایسیدیمینی اسکینڈل میں درجنوں اموات کے بعد صوبائی وزیر صحت قیدانی مَہلانگو نے استعفیٰ دیا۔