اسلام آباد (رانا غلام قادر) وزیراعظم محمد شہباز شریف کی سرپرستی میں پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان زرعی شعبے میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ وزیراعظم کی ذاتی دلچسپی سے سعودی وزیرِ ماحولیات، پانی و زراعت اور وزارتِ قومی غذائی تحفظ و تحقیق کے درمیان کامیاب مذاکرات کامشترکہ اعلامیہ جاری کر دیا گیا۔ وزیراعظم نے آئندہ دو برسوں میں سعودی عرب کو زرعی برآمدات 3ارب ڈالر تک پہنچانے کا عزم کا اظہار کیا ہے، سعودی عرب نے چاول، گوشت اور پھلوں کی برآمدات بڑھانے پر اتفاق کیا، سعودی نجی شعبے کے اشتراک سے زرعی ٹیکنالوجیز کے فروغ کا فیصلہ کیا گیا ہے، مذاکرات میں پاک سعودی تجارتی روابط میں اضافے کا جائزہ لیا گیا جبکہ سرخ گوشت کی درآمد دگنا کرنے اور پانی کے مؤثر استعمال پر زور دیا گیا،فریقین نے لائیو اسٹاک، ایگری فوڈ پراسیسنگ کے شعبوں میں پاکستان کے نجی شعبے کی پیش کردہ سرمایہ کاری تجاویز کا جائزہ لیا گیا جبکہ،باہمی مفاہمتوں کو عملی جامہ پہنانے کیلئے رابطہ جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔ اسلامی جمہوریہ پاکستان اور مملکت سعودی عرب کے مابین زرعی اور غذائی تحفظ کی شراکت داری کے فروغ کے حوالے سے مشترکہ اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ حکومت پاکستان کی دعوت پر وزیرِ ماحولیات، پانی و زراعت عزت مآب انجینئر عبدالرحمٰن اے۔ الفضلی کی قیادت میں سعودی وفد نے 26 سے 28 اگست 2026ء تک اسلام آباد کا دورہ کیا۔ وفد میں وزارتِ ماحولیات، پانی و زراعت، جنرل فوڈ سکیورٹی اتھارٹی اور متعلقہ اداروں کے اعلیٰ حکام شامل تھے۔ وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف نے سعودی وفد سے ملاقات کی اور تفصیل میں ممکنہ تعاون کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا۔ پاکستان کی جانب سے وفد کی قیادت وفاقی وزیر برائے قومی غذائی تحفظ و تحقیق رانا تنویر حسین نے کی، جبکہ وفد میں سیکرٹری تجارت جواد پال، سیکرٹری قومی غذائی تحفظ و تحقیق عامر علی احمد، وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر برائے زراعت و غذائی تحفظ احمد عمیر اور پاکستان کے چاول، سرخ گوشت، پراسیسڈ فوڈ/فروٹ کنسنٹریٹ اور سبز چارے کے شعبوں سے تعلق رکھنے والے نجی شعبے کے نمائندگان شامل تھے۔ دورے کے دوران پاکستان-سعودی عرب ایگریکلچر اینڈ فوڈ اسٹریٹجک پلان پر بریفنگ، اسپیشل انویسٹمنٹ فیسیلیٹیشن کونسل (SIFC)، فوجی فاؤنڈیشن، پاکستان-سعودی عرب ایگری بزنس فورم کے ساتھ ملاقاتیں اور نیشنل ایگریکلچرل ریسرچ سینٹر (NARC) کا دورہ بھی کیا گیا۔