کراچی (ٹی وی رپورٹ) وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ استعفے کا معاملہ میرے اور وزیراعظم کے درمیان ہے، وزیراعظم نے ہدایت دی ہے کہ استعفیٰ کے حوالے سے فی الحال کوئی بات نہ کروں۔ وزیراعظم آزاد کشمیر بیرسٹر افتخار گیلانی نے کہا کہ آزاد کشمیر کے لوگوں کی مشکلات آسان کرینگے اور زیادہ سے زیادہ ریلیف دینگے۔ وہ جیو نیوز کے پروگرام ’’نیا پاکستان‘‘ میں میزبان وجیہ ثانی سے گفتگو کررہے تھے۔ تفصیلات کے مطابق پروگرام کے آغاز میں میزبان وجیہ ثانی نے کہا کہ سانحہ پمز کے حوالے سے 11صفحات پر مشتمل عبوری انکوائری رپورٹ سامنے آگئی ہے جس میں واقعہ کی سنگینی اور انتظامی خامیوں سے متعلق انکشافات اور سفارشات پر وزیراعظم شہبازشریف نے فوری ایکشن لیتے ہوئے 8افسران کو برطرف کردیا اور ذمہ داران کیخلاف فوجداری کارروائی کی منظوری بھی دیدی گئی ہے۔