کراچی(نیوز ڈیسک) ایران کے سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای نے خلیجی ممالک کے حکمرانوں پر زور دیا ہے کہ وہ اپنے حقیقی دشمن کی شناخت کریں اور اس کے منصوبوں کا متحد ہوکر مقابلہ کریں،انہوں نے کہا کہ مسلمانوں کے درمیان دوری اور اختلافات ان کے مخالفین کے مفادات کو تقویت دیتے ہیں، تفرقہ پیدا کرنیوالے اسلام کے دشمنوں کے مددگار ہیں۔ سوشل میڈیا پر جاری تحریری پیغام میں مجتبیٰ خامنہ ای نے کہا کہ مسلمان اتحاد قائم کرتے ہوئے دشمنوں کے خلاف باہمی دفاع اور تعاون بڑھائیں، امریکی اور اسرائیلی مجرم حکمران صرف ایران کے نہیں تمام مسلم امہ کے دشمن ہیں۔خامنہ ای کے ٹیلی گرام اکاؤنٹ پر ہفتہ وحدتِ اسلامی (جس میں نبی اکرم صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کا یومِ ولادت منایا جاتا ہے) کی مناسبت سے یہ پیغام شائع کیا گیا۔اس پیغام میں اسلامی اتحاد، مختلف شعبوں میں باہمی تعاون اور مشترکہ دفاع کی اپیل کی گئی، اور کہا گیا کہ جو بھی "دانستہ یا نادانستہ" مسلمانوں میں تفرقہ پیدا کرتا ہے، وہ دراصل اسلام کے دشمنوں کی مدد کرتا ہے۔