کراچی (نیوز ڈیسک) نیپال سیلاب میں لاپتا 3ہزار سے زائد افراد کی تلاش جاری، مجموعی 800 ہلاکتیں، اجتماعی تدفین شروع کر دی گئی۔ 23 ممالک کے261غیرملکی شہری بھی لاپتا، سینکڑوں لوگوں کے ہائیڈرو پاور منصوبوں کی سرنگوں میں پھنسے ہونے کا خدشہ، مزید سیلاب کا خطرہ بھی سر پر ہے۔ کئی لاشیں سیلابی ریلے میں بہہ کر بھارت تک پہنچ گئیں، خراب موسم، پہاڑی علاقوں اور دریاؤں میں پانی کی بڑھتی سطح نے امدادی کارروائیوں کو انتہائی مشکل بنا دیا۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق نیپال اور چین کی سرحد پر گلیشیئر کے گرنے سے آنیوالے تباہ کن مٹی، برف، چٹانوں اور ملبے کے ریلے کے بعد ہلاکتوں کی تعداد 800 ہو گئی، جبکہ دونوں ممالک میں 3 ہزار سے زائد افراد اب بھی لاپتا ہیں۔ نیپال میں 784 افراد کی ہلاکت اور 2 ہزار 498 افراد کے لاپتا ہونے کی تصدیق کی گئی ہے، جبکہ چین کے تبت کے گییرونگ علاقے میں 16 افراد ہلاک اور 546 لاپتا ہیں۔